’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ کا پرجوش ٹریلر جاری

’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ کا پرجوش ٹریلر جاری

دنیا کے مشہور دیوہیکل مونسٹر گوڈزیلا ایک بار پھر بڑی اسکرین پر تباہی مچانے کے لیے تیار ہے، فلم ’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ کا نیا 30 سیکنڈ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

فلم ’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ’گوڈزیلا مائنس ون‘ کا سیکوئل ہے۔ فلم کی ہدایت کاری ایک بار پھر جاپانی فلمساز تاکاشی یامازاکی کررہے ہیں، جو اس کے ویژول ایفیکٹس کی نگرانی بھی خود کریں گے۔نئی فلم کی کہانی 1949ء سے شروع ہوگی، یعنی پہلی فلم کے واقعات کے تقریباً دو سال بعد۔ کہانی میں شکیشیما خاندان کو ایک ایسی نئی تباہی کا سامنا کرنا ہوگا جو پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک اور بڑے پیمانے پر ہوگی۔مختصر ٹریلر نے مداحوں میں فلم کے حوالے سے تجسس مزید بڑھا دیا ہے، کیونکہ اس میں گوڈزیلا کے ساتھ فرنچائز کے ایک اور مشہور دیوہیکل کردار کنگ گھیڈورا کی ممکنہ موجودگی کا اشارہ بھی ملتا ہے۔ تاہم کنگ گھیڈورا کی فلم میں شمولیت کی باضابطہ تصدیق تاحال نہیں کی گئی۔فلم کا ورلڈ پریمیئر 26 ستمبر کو نیویارک فلم فیسٹیول میں ہوگا، جبکہ ’گوڈزیلا مائنس زیرو‘ 3 نومبر کو جاپان اور 6 نومبر کو شمالی امریکا میں بڑے پیمانے پر ریلیز کی جائے گی۔