میکسیکو میں کارٹل کے خلاف بڑا آپریشن، اہم ملزمان سمیت 4 افراد گرفتار

میکسیکو میں کارٹل کے خلاف بڑا آپریشن، اہم ملزمان سمیت 4 افراد گرفتار

میکسیکو میں سیکیورٹی فورسز نے امریکی انٹیلی جنس کی معاونت سے منشیات فروش کارٹل کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 4 اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ریاست چہواہوا کے علاقے مینوئل اوجیناگا میں فوج اور نیشنل گارڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ایپی فانیو عرف پیپا اور اس کے بیٹے الیخاندرو کو حراست میں لیا۔حکام کے مطابق ایپی فانیو کو لا لینیا کا علاقائی آپریٹر قرار دیا گیا ہے، جو خواریز کارٹل کا ایک دھڑا ہے۔ امریکا نے اس تنظیم کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔دونوں ملزمان کو امریکا میں اسمگلنگ اور منشیات کی ترسیل سے متعلق کارروائیوں کے الزام میں عارضی گرفتاری کے وارنٹ پر گرفتار کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 5 آتشیں ہتھیار، سیکڑوں گولیاں اور 2 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔دوسری کارروائی ریاست سینالوا میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی حکام نے اینخل عرف ٹرونکو اور ملٹن نامی دو افراد کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو جنوری میں 10 کان کنوں کے اغوا کے واقعے سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔

سینالوا میں کارروائی کے دوران گرینیڈ لانچر، جنگی نوعیت کا ٹیکٹیکل سامان اور مختلف اقسام کی منشیات بھی برآمد کی گئیں۔امریکی نارتھ کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ جوائنٹ انٹرایجنسی ٹاسک فورس کے ذریعے امریکی اداروں نے چہواہوا میں ہونے والے آپریشن کے لیے میکسیکو کو انٹیلی جنس معلومات فراہم کی تھیں۔