راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا اور فیملی ملاقات کے دن بہنوں کی بانی سے ملاقات نہ ہو سکی۔ وکیل ظہیر عباس کی بانی سے ملاقات کرا دی گئی۔ علیمہ خان نے کارکنوں کے ہمراہ داہگل ناکہ پر دھرنا دے دیا، کارکنوں نے نعرے بازی کی ۔ رات آٹھ بجے دھرنا ختم کر دیا گیا گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا۔منگل کو ملاقات کے دن ملاقات کر نیوالے افراد کی فہرست میں موجود بیرسٹر گوہر ، نعیم حیدر پنجوتھا ،محمد علی بخاری ملاقات کے لئے نہیں آئے جبکہ سلمان اکرم راجا ، نیاز اللہ نیازی اور ظہیر عباس داہگل ناکہ پہنچے جہاں ظہیر عباس ایڈووکیٹ کو ملاقات کی اجازت مل گئی۔بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں علیمہ خان نورین خانم اور ڈاکٹر عظمٰی کو بھی داہگل ناکہ پر روک لیا گیا۔اجازت نہ ملنے پر علیمہ خان دریاں چٹائیاں منگوا کر وہیں سڑک کے ساتھ بیٹھ گئیں اس دوران پولیس نے کچھ کارکنوں کو گرفتار کر لیا اور بعض افراد سے موبائل فون بھی چھین لئے ،رات گئے علیمہ خان نے گرفتار کارکنوں کی رہائی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا ۔