خواتین کیخلاف جرائم کے 1916مقدمات

گھریلو تشدد کے 20ہزارکیسز رپورٹ ، 248 کی انکوائری جاری ہے : سیف سٹیز اتھارٹی 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے ستمبر 2026 کے دوران خواتین کو تحفظ، فوری مدد اور قانونی رہنمائی فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 41 ہزار 903 کیسز میں معاونت کی۔ اتھارٹی کی جانب سے خواتین کے خلاف ہراسانی، تشدد اور دیگر جرائم کے واقعات پر فوری رسپانس اور قانونی کارروائی یقینی بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ستمبر کے دوران خواتین کے خلاف مختلف جرائم کے ایک ہزار 916 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 248 کیسز میں انکوائری جاری ہے۔ اس عرصے میں گھریلو تشدد کے 20 ہزار 572 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے سیف سٹیز اتھارٹی کی معاونت سے 20 ہزار 107 کیسز حل کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن خواتین کو ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر تفتیش اور ٹرائل تک تمام مراحل میں رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ متاثرہ خواتین کے لیے پوسٹ ایف آئی آر فالو اپ سروس، کیس ٹریکنگ پورٹل اور ایف آئی آر سے متعلق معاونت کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ خواتین اپنی شناخت اور پتہ ظاہر کیے بغیر بھی اپنے مسائل ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ساتھ شیئر کر سکتی ہیں۔ پنجاب بھر سے خواتین روزانہ کی بنیاد پر اس سہولت سے رابطہ کرکے مدد اور قانونی رہنمائی حاصل کر رہی ہیں۔