مریم اورنگزیب نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لے لیا

مریم اورنگزیب نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لے لیا

لاہور: سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لے لیا۔

 اس سلسلے میں لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں رنگارنگ اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شوبز، فلم، ادب، صحافت اور فیشن کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں مریم اورنگزیب نے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین میاں امجد فرزند، وائس چیئرمین عزیز جہانگیری اور دیگر عہدیداروں و اراکین ذوالفقار علی مانا، جونی ملک، فیاض خان، حسن نعیم، جاوید وڑائچ اور عاصمہ اسماعیل بٹ سے حلف لیا۔ تقریب کی میزبانی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کی۔حلف برداری کی تقریب میں معروف ہدایت کار سید نور، مسعود بٹ اور شہزاد رفیق، اداکار شان شاہد، نشو بیگم، ریشم اور مدیحہ شاہ، سینئر اداکار عرفان کھوسٹ، فلمی مصنف خلیل الرحمٰن قمر، فلم ساز صفدر ملک، توقیر ناصر، فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، حفیظ اللہ نیازی، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، عظمیٰ کاردار، امتیاز عالم اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔تقریب میں موسیقی اور نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ معروف گلوکار ابرار الحق نے اپنی تحریر کردہ نعت پیش کی، جبکہ عارف لوہار، ساحر علی بگا اور این ایس چوہان نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ فلمی صنعت کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں اور اس شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم سٹی میں موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق کام کیا جائے گا تاکہ فلم سازوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین میاں امجد فرزند نے اپنے خطاب میں کہا کہ فلم انڈسٹری درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ صنعت کے مسائل حل کرنے اور انہیں درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان افراد کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے جنہوں نے انہیں اس ذمہ داری کے لیے منتخب کیا ہے۔

معروف اداکار شان شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے تمام متعلقہ افراد کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فلمیں بنانا ناگزیر ہے، تاکہ پاکستانی فلمیں معیار، ٹیکنالوجی اور پیشکش کے اعتبار سے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوسکیں۔تقریب میں شرکا نے فلم انڈسٹری کی بحالی، فلم سازی کے جدید طریقوں کے فروغ اور صنعت کو درپیش مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ حکومت، فلم سازوں، ہدایت کاروں اور فنکاروں کے مشترکہ تعاون سے پاکستانی فلم انڈسٹری کو مزید مستحکم بنانے اور اس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔