پاناما میں 7.6 شدت کا زلزلہ، متعدد ممالک کے لیے سونامی وارننگ جاری

پاناما میں 7.6 شدت کا زلزلہ، متعدد ممالک کے لیے سونامی وارننگ جاری

پاناما سٹی: پاناما اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے جانے کے بعد متعدد ممالک کے لیے سونامی وارننگ جاری کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 امریکی زلزلہ پیما مرکز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ساحلی علاقوں میں ممکنہ خطرات کے پیش نظر حکام کو الرٹ کردیا گیا۔خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد امریکی سونامی وارننگ سینٹر نے خطے کے مختلف ساحلی علاقوں میں سمندری لہروں کی ممکنہ شدت سے متعلق خبردار کیا۔ اطلاعات کے مطابق پاناما اور کولمبیا کے ساحلوں پر آئندہ تین گھنٹوں کے دوران خطرناک سونامی لہریں اٹھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔سونامی وارننگ کی فہرست میں میکسیکو، ایل سلواڈور، ایکواڈور، پیرو، نکاراگوا، گوئٹے مالا اور کوسٹا ریکا سمیت متعدد ممالک بھی شامل بتائے گئے ہیں۔ متعلقہ حکام ساحلی پٹی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔زلزلے کے جھٹکے پاناما سٹی سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز پاناما کے صوبے ہیریرا میں واقع پیتالوزا اریبا کے قریب تھا۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث بعض عمارتوں کو نقصان پہنچنے اور احتیاطی اقدامات کے تحت ٹرانسپورٹ اور تعلیمی سرگرمیوں میں عارضی رکاوٹوں کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں عمارتوں کی حالت کا جائزہ لینے اور شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔

 تازہ صورتحال: امریکی سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق ابتدائی طور پر جاری کیے گئے سونامی الرٹ بعد میں ختم کر دیے گئے۔ ادارے نے واضح کیا کہ اس زلزلے سے متعلق سونامی کا خطرہ اب باقی نہیں رہا، تاہم ساحلی علاقوں میں سمندر کی صورتحال سے متعلق معمول کی احتیاط برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ حکام کی جانب سے زلزلے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا گیا، جبکہ شہریوں کو آفیشل ہدایات پر عمل کرنے اور متاثرہ عمارتوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا۔