پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں34 کاروباری درخواستوں کی منظوری

اسلام آباد(آئی این پی ) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی  ایف سی) کی مسلسل کوششوں اور سہولت کاری کے نتیجے میں ماہ ستمبر کے دوران پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں مجموعی طور پر 34 کاروباری درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس سے 76 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے ان منصوبوں سے ٹیکسٹائل، کیمیکلز، زرعی پروسیسنگ اور دیگر صنعتی شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جبکہ ان شعبوں میں 7 ہزار سے زائد ممکنہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونے کی توقع ہے۔ایس آئی ایف سی پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے اور صنعتی منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے مسلسل سہولت کاری فراہم کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں زیر التوا درخواستوں پر پیش رفت اور کاروباری منصوبوں کی منظوری کو اہمیت دی جارہی ہے۔ خصوصی اقتصادی زونز میں نئی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے، جبکہ مختلف صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔