بھاری ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں، اس کے باوجود بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت میسر نہیں
وزیراعلی پنجاب کی باتیں سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پورا پاکستان فتح کرلیا گیا ہو:میڈیا سے گفتگو
پشاور(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مفت تعلیم کے حق میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ حکومت بھاری ٹیکسز وصول کرنے کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول لیوی کے خلاف تحریک شروع کرنے کے بعد اب تعلیم کے حق کے لیے بھی تحریک شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی اتنے بڑے پیمانے پر تعلیمی و تربیتی پروگرام چلا سکتی ہے تو حکومت ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟ ملک میں بھاری ٹیکسز وصول کیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود پاکستانی بچوں کو مفت تعلیم کی سہولت میسر نہیں، پاکستان میں تعلیم کے شعبے کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، حالانکہ معیاری اور مفت تعلیم ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا تعلیمی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، پنجاب میں یہ تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ سندھ میں 70 لاکھ سے زائد بچے سکول نہیں جا رہے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ان کی باتیں سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پورا پاکستان فتح کرلیا گیا ہو، حالانکہ تعلیم سمیت بنیادی مسائل اب بھی موجود ہیں