پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی نے دعویٰ کیا ہے کہ ضمانت کے معاملے میں دخل اندازی کی جارہی ہے۔
لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سال سے شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں التوا کا شکار ہیں۔اس کے علاوہ، پی ٹی آئی رہنما مہر بانو قریشی، جو شاہ محمود قریشی کی بیٹی بھی ہیں، نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے بیچ نورا کشتی (کشیدگی) جاری ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسی لڑائیاں قومی مفاد اور عوام کے لیے نہیں ہیں، بلکہ یہ صرف اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات کا ریکارڈ موجود نہیں، جس پر شاہ محمود قریشی کی اہلیہ نے کہا کہ ریکارڈ پیش نہ کرنا پراسیکیوشن کی بد نیتی ہے۔ عدالت نے ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا اور ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔