مغربی افریقی ملک مالی میں دہشت گردوں نے ایک معروف ٹک ٹاکر خاتون مریم کو اغوا کے بعد قتل کر دیا ہے، جس نے پورے ملک میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق، شمالی مالی کے شہر ٹمبکٹو کے علاقے تونکا کی رہائشی مریم، جو کہ ایک مشہور ٹک ٹاکر تھیں اور ان کے 90 ہزار سے زائد فالوورز تھے، اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی تھیں۔مقامی حکام کے مطابق، شدت پسندوں نے مریم پر الزام عائد کیا کہ وہ فوج کے ساتھ تعاون کرتی تھیں اور ان کی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرتی تھیں۔ مریم کے بھائی نے بتایا کہ جمعرات کے دن انہیں اغوا کیا گیا اور بعد میں سرعام قتل کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق، مریم کے قتل نے مالی کے عوام میں غصہ اور خوف کی لہر پیدا کر دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک ایک فوجی حکومت (ملٹری جنتا) کے زیر انتظام ہے، جو 2012 سے جاری شدت پسند بغاوت پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ اس واقعہ نے ملک میں عدم تحفظ اور شدت پسندی کے خلاف تشویش کو مزید بڑھا دیا ہے، اور عوام کی جانب سے انصاف کا مطالبہ تیز ہو گیا ہے۔