"پیوٹن کا بڑا اعلان: روس یوکرین میں فتح حاصل کرے گا جیسے نازیوں کو ہرایا تھا"

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین میں کامیابی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سوویت یونین نے دوسری جنگ عظیم میں نازیوں کو شکست دی تھی اور اسی طرح روس یوکرین میں بھی فتح حاصل کرے گا۔

 یہ بیان انہوں نے ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر منعقدہ فوجی پریڈ کے دوران دیا، جس میں عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد، بشمول چین کے صدر شی جن پنگ، شریک ہوئی۔پریڈ میں 11,000 سے زائد فوجی اہلکار شریک تھے، جن میں 1,500 اہلکار وہ تھے جو یوکرین میں لڑ چکے ہیں۔ اس موقع پر جدید ٹینک، ڈرون اور دیگر فوجی ساز و سامان کی نمائش کی گئی۔ پیوٹن نے کہا کہ روس ہمیشہ فاشزم، روسوفوبیا اور سام دشمنی کے خلاف ایک ناقابل تسخیر دیوار بن کر کھڑا رہے گا۔انہوں نے یوکرین میں روسی کارروائی کو "خصوصی فوجی آپریشن" قرار دیا اور ایک مرتبہ پھر اس مہم کو "ڈی نازیفیکیشن" کا نام دیا، جسے یوکرین اور مغربی ممالک نے مسترد کر دیا ہے۔

پریڈ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، پورے ماسکو میں موبائل انٹرنیٹ کو بند کر دیا گیا اور ریڈ اسکوائر کے اطراف میں اسنائپرز تعینات کیے گئے تھے۔ اس کے بعد پیوٹن نے شمالی کوریا کے اعلیٰ فوجی حکام سے ملاقات کی، جنہوں نے روسی میڈیا کے مطابق یوکرین سے کورسک خطے کی بازیابی میں مدد فراہم کی۔