1111ٹریفک حادثات،15ہلاک

پنجاب بھر میں  509افراد شدید زخمی ، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1111ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، ٹریفک حادثات میں 15افراد جان کی بازی ہار گئے،رحیم یار خان میں بس اور ٹریلر کے تصادم کے نتیجے میں 08 افراد جاں بحق ہوئے، حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا، ڈی جی خان میں مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے،راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا،بہاولنگر، گجرات،چکوال اور حافظ آباد میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا۔پنجاب بھر میں ٹریفک حادثات میں 509افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔777معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (75فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 721ڈرائیوز،84کم عمرڈرائیور، 431مسافراور149پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ193ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت229متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد89حادثات میں 101متاثرین کے ساتھ دوسر ے،ملتان  69 حادثات میں 75متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1301متاثرین میں 1076مرد اور225خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 230افراد کی اوسط عمر18سال سے کم745افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ326زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1072موٹرسائیکلز،76آٹورکشے،103کاریں،21وین،09مسافر بسیں،28ٹرک اور91دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔