پاک افواج بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں‘قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے
فوج سے گلے ہیں لیکن جب وطن عزیز کا معاملہ آئے گا تو وہ ہمیں دو قدم آگے پائیں گے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے موجودہ حالات میں سفارتی کوششوں سے مطمئن نہیں ہوں، پاک افواج بہادری کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کر رہی ہیں۔قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہندوستان نے ہماری مساجد اور مدارس کو نشانہ بنایا، انہو ں نے کہا 11 مئی کو پشاور اور 15 مئی کو کوئٹہ میں ملین مارچ ہوگا جس میں پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا جائے گا۔ افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں، فوج سے گلے ہیں لیکن جب وطن عزیز کا معاملہ آئے گا تو وہ ہمیں دو قدم آگے پائیں گے، سوشل میڈیا پر جنگ کے حوالے سے ہونے والے پروپیگنڈے کو روکنے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہئیں۔ شہری دفاع کیلئے انصار اسلام کے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، ان حالات میں ایک ہی قومی بیانیہ ہونا چاہیے، قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔، یہ وقت ملک کے دفاعی اداروں کو مضبوط کرنے کا ہے، ہم دفاعی اداروں کو مضبوط کریں ان کی پشت پر کھڑے ہوں، ملک کی وحدت کیلئے ہم ایک ہیں، یہ جنگ ہے، جنگ میں پھول نہیں آگ برستی ہے۔ ہمارے سفارتی مشنز کو اس وقت مختلف ممالک کے دورے کرنے چاہئیں تھے اور اپنے دوست ممالک کو انگیج کرنا چاہیے تھا مگر ہم نے وہ سفارتی کوششیں نہیں دکھائیں جو ان حالات میں ہونی چاہئیں، موجودہ سفارتی سرگرمیوں کے حوالے سے میں مطمئن نہیں ہوں۔