کانگریس کی ترجمان شمع محمد نے حال ہی میں روہت شرما کے بارے میں اپنے بیان سے یوٹرن لیتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
کچھ دن پہلے شمع محمد نے روہت شرما کو موٹا اور نالائق کپتان کہہ کر ان کی فٹنس پر سوالات اٹھائے تھے، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس میں روہت شرما کی 76 رنز کی شاندار اننگز نے بھارت کی فتح کی بنیاد رکھی۔ اس کے بعد شمع محمد نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور روہت شرما، شریاس آئیر، اور کے ایل راہول کی کارکردگی کو سراہا۔شمع محمد نے اپنے پوسٹ میں لکھا، "ٹیم انڈیا کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد! کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی زبردست اننگز کھیل کر فتح کی بنیاد رکھی، جبکہ شریاس آئیر اور کے ایل راہول نے بھی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔"یہ یوٹرن اس وقت آیا جب کانگریس کے کئی سینئر رہنماؤں نے شمع محمد کے اس بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ ان کے بیانات پارٹی کے مؤقف کی عکاسی نہیں کرتے۔