چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عالمی یومِ خواتین ججز کے موقع پر خواتین ججز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ثابت قدمی اور جدوجہد سے پاکستان کا قانونی نظام مزید مضبوط ہوا ہے۔
اپنے پیغام میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ قانون کے شعبے میں خواتین کی گراں قدر خدمات، بالخصوص خواتین ججز کے کردار کو تسلیم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین ججز کا قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عوام کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی موجودگی نہ صرف صنفی مساوات کی علامت ہے بلکہ یہ اس حقیقت کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ پاکستان ایک ترقی پسند اور معتدل جمہوریت ہے، جو اپنے شہریوں کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں بروئے کار لانے کی کوشش کر رہا ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ خواتین ججز کی ثابت قدمی، دیانت داری اور انصاف کے لیے لگن نے نہ صرف ہمارے قانونی نظام کو مزید مضبوط کیا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثالی معیار بھی قائم کیا ہے۔
انہوں نے اس موقع پر صنفی مساوات کے فروغ میں ہونے والی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے فخر کا اظہار کیا۔چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ عدلیہ اپنے عزم پر قائم ہے کہ وہ خواتین وکلا کے لیے ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرے گی جہاں وہ بغیر کسی رکاوٹ کے ترقی کر سکیں، اپنے کردار کو مؤثر طریقے سے نبھا سکیں اور قیادت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک ایسے عدالتی نظام کی تشکیل کے لیے کام کریں جو ہماری معاشرتی تنوع اور مضبوطی کا حقیقی عکس ہو تاکہ انصاف تک رسائی محض ایک وعدہ نہ رہے بلکہ ہر شہری کے لیے ایک حقیقی اور یقینی حقیقت بن جائے۔