کراچی: ویئر ہائوس سے برآمد اربوں کی ادویات جعلی وغیر قانونی قرار

برآمد شدہ ادویات ڈریپ سے رجسٹرڈ نہیں،سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے جانچ پڑتال مکمل کرلی
 کراچی (آئی این پی )کراچی کے ویئر ہائوس سے برآمد اربوں کی ادویات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی، ویئر ہائوس سے برآمد شدہ ادویات جعلی، غیر قانونی نکلیں۔ڈریپ ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق ویئر ہائوس سے ملنے والی ادویات جعلی و غیر قانونی ہیں، سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی نے ادویات کو جعلی قرار دیا ہے، ویئر ہائوس سے برآمد شدہ ادویات ڈریپ سے رجسٹرڈ نہیں ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ادویات کے سیمپلز کو سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی بھجوایا گیا تھا، ویئر ہائوس سے 7 برانڈز کی درد کش ٹیبلٹ، کیپسول برآمد ہوئے تھے، ویئر ہائوس سے 7 بیچ نمبرز کی ادویات برآمد ہوئی تھیں، برآمد ادویات کے پیکٹ پر دواساز کمپنیز کی تفصیلات درج نہیں ہیں۔ویئرہائوس سے ٹراما ڈول سالٹ سے تیار کردہ ادویات بھی برآمد ہوئی تھیں، ٹراما ڈول ہائیڈروکلورائیڈ سالٹ سے بننے والی دردکش دوا ہے، دردکش ادویات میں افیم کی معمولی آمیزش پائی جاتی ہے۔ذرائع نے کہا کہ ویئرہائوس سے ٹرامیکنگ، ٹرامیکنگ میگا نامی گولیاں برآمد ہوئی تھیں، نیو ٹراماڈول 225 ایم جی گولیاں، ٹراماکنگ کیپسول برآمد ہوئے تھے، ویئرہائوس سے نیو رائل، ٹیمرال، ٹرامیکنگ نامی ٹیبلٹ برآمد ہوئی تھیں۔کسٹم انفورسمنٹ نے 26 فروری کو کورنگی میں ویئرہائوس پر چھاپہ مارا تھا، کسٹم انفورسمنٹ نے ویئر ہائوس سے دس ارب کی ادویات برآمد کی تھیں، برآمد شدہ ادویات کو بھارتی قرار دیا گیا تھا۔