ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنلسٹ سامنے آگیا، فرانس نے مراکش کو 2-0 سے ہرا دیا

ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنلسٹ سامنے آگیا، فرانس نے مراکش کو 2-0 سے ہرا دیا

فرانس نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے کوارٹر فائنل میں مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی اور مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے آخری چار مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔

میچ کے پہلے ہاف میں فرانس نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور متعدد مواقع پیدا کیے، تاہم دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ کیلیان ایمباپے کو پنالٹی بھی ملی، لیکن مراکش کے گول کیپر نے شاندار سیو کرتے ہوئے انہیں گول کرنے سے روک دیا۔دوسرے ہاف میں فرانسیسی ٹیم نے اپنی برتری ثابت کر دی۔ 60ویں منٹ میں کپتان کیلیان ایمباپے نے شاندار گول کر کے فرانس کو برتری دلائی، جبکہ صرف چھ منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے دوسرا گول اسکور کر کے اس کامیابی پر مہر ثبت کر دی۔مراکش نے بھی واپسی کی کوشش کی، تاہم فرانسیسی دفاع اور گول کیپر نے ان کی تمام کوششیں ناکام بنا دیں۔

 مراکش کا ورلڈ کپ میں قابلِ تحسین سفر کوارٹر فائنل پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ فرانس سیمی فائنل میں اسپین اور بیلجیم کے درمیان ہونے والے دوسرے کوارٹر فائنل کے فاتح کا سامنا کرے گا۔کیلیان ایمباپے نے اس میچ میں ایک اور تاریخی سنگِ میل بھی عبور کیا۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مختلف ایڈیشنز میں آٹھ، آٹھ گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ اس سے قبل وہ 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی آٹھ گول کر چکے تھے، جبکہ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے کئی دیگر ریکارڈز کی برابری بھی کی۔