لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی، کئی کتابوں کی مصنفہ اور سیکڑوں صحافیوں کی استاد زبیدہ مصطفی کراچی میں انتقال کر گئیں۔زبیدہ مصطفی کی عمر 84 برس تھی، وہ چند ماہ سے علیل تھیں، انہوں نے زندگی میں تعلیم اور خواتین کے حقوق پر خاص طور پر کام کیا۔سینئر خاتون صحافی 50 برس سے زائد عرصہ شعبہ صحافت سے وابستہ رہیں، وہ اپنی زندگی میں کئی ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈ حاصل کر چکی تھیں جبکہ انہوں نے 8 کتابیں بھی تحریر کیں۔زبیدہ مصطفی نے بچوں کے مسائل، صحت اور غربت کے خاتمے پر سیکڑوں کالم تحریر کیے، وہ انٹرنیشنل ویمنز میڈیا فائونڈیشن کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ حاصل کر چکی تھیں۔ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے زبیدہ مصطفی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور کہا ہے کہ وہ کامریڈ تھیں، محکوموں کی آواز تھیں۔ زبیدہ مصطفی ان چند لوگوں میں سے تھیں، جنہوں نے انسانی، سماجی حقوق کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کیا۔