اراضی کیس: پرویز الہٰی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت کے جج شیخ اعجاز علی نے اراضی کیس میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے ہیں۔ عدالت نے یہ وارنٹ تخت پڑی جنگلات اراضی ریفرنس میں پرویز الہٰی کی عدم حاضری پر جاری کئے تھے‘ عدالت نے حاضری استثنیٰ سمیت دو درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے موقع پر چودھری پرویز الہٰی اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہو گئے اس موقع پر ریفرنس میں نامزد دیگر ملزمان اور سردار مظفر، سردار طاہر پر مشتمل نیب کے وکلا ء بھی عدالت میں موجود تھے ۔دوران سماعت چودھری پرویز الہٰی کے وکلاء نے وارنٹ منسوخی کے لئے درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے۔