پنجاب میں کسی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی‘، بسنت پر لوگوں نے دْکھ اور اختلافات بھلا دیئے مریم نواز

 بسنت فیسٹیول سے ثقافت بحال ہوئی‘ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ، محکمہ ٹرانسپورٹ کو  شاباش دیتی ہوں، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے بہت اچھا کام کیا، میڈیا نے بھی پنجاب کا مثبت امیج اْجاگرکیا
 چند دنوں تک سیفٹی راڈ لگا کر رکھیں‘ ٹریفک پولیس نے  زور زبردستی سے کام نہیں لیا، پیار سے بات کی، انفرادی غلطی کی وجہ سے چند واقعات ہوئے ، ایک بھی موت گلا کٹنے سے نہیں ہوئی
 پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں:پریس کانفرنس‘صدر عالمی بینک سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  لاہورمیں بسنت فیسٹیول سے ثقافت بحال ہوئی۔ بسنت فیسٹیول کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  بسنت پنجاب کے کلچر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، بسنت کے تہوار کو کامیاب بنانے میں عوام نے اہم کردار ادا کیا۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو بھی شاباش دیتی ہوں، محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی شاباش دیتی ہوں، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے بہت اچھا کام کیا، میڈیا نے بھی پنجاب کا مثبت امیج اْجاگرکیا، فارن میڈیا نے بھی پنجاب کے کلچر کو اْجاگرکیا۔انہوں نے کہا  لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت بحال ہوئی، کراچی، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزادکشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ بسنت منانے آئے، بسنت کے دوران لوگوں نے اپنے دْکھ اور اختلافات بھلا دیے۔مریم نواز نے کہا  لاہور کے عوام نے میرے اعتماد کی لاج رکھی، پی ٹی آئی نے اتوار کے دن ہڑتال کی کال دی، پنجاب میں زیرو شٹرڈاؤن ہڑتال تھی، لاہور کے شہریوں نے ہڑتال کو اگنور کیا، لوگوں نے جلاؤگھیراؤ، فساد، فتنہ کے کلچر کو مسترد کیا۔ ‘پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، عوام نے منفی رویوں اور گالم گلوچ کو یکسر مسترد کر دیا۔پنجاب نے منفی باتیں پھیلانے والوں کی ہڑتال کی کال کومسترد کر دیا، گلے پر ڈور پھرنے کے دو، تین واقعات ہوئے ہیں، میں ابھی کہوں گی چند دنوں تک سیفٹی راڈ لگا کر رکھیں۔ ٹریفک پولیس نے کوئی زور زبردستی سے کام نہیں لیا، پیار سے بات کی، انفرادی غلطی کی وجہ سے چند واقعات ہوئے ہیں، ایک بھی موت گلا کٹنے سے نہیں ہوئی، پہلے بسنت کو خونی بسنت کہا جاتا ہے، لوگوں کے گلے کٹتے تھے۔ بسنت کے دنوں عوام نے خوشی خوشی قانون پرعمل درآمد کیا، کوئی ناراض نہیں ہوا، قوم نے بہت تکلیف دہ وقت دیکھے ہیں، بسنت کے دنوں  میں اربوں روپے کا کاروبار ہوا، مجھے ریکوسٹ آئی  بسنت کا وقت بڑھا دیا جائے۔دریں اثناء پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کی وفد کے ہمراہ ملاقات  میں طے پایا ۔  وزیراعلی مریم نواز شریف نے عالمی بینک کے صدر اور وفد کا پرجوش استقبال کیا۔ملاقات میں صحت، تعلیم، اپنی چھت، اپنا گھر، ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں کی ورلڈ بینک اور پنجاب کے درمیان شراکت داری پر بات چیت ہوئی، عالمی بینک کے صدر جے بنگا نے وزیراعلی مریم نواز شریف کے فلاحی پراجیکٹس کو سراہا۔عالمی بینک کے صدر نے پنجاب میں جاری ٹورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ، سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا، انہوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے چلنے والے پراجیکٹس کا جائزہ بھی لیا، مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے سپورٹ اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی بھی کروائی