امین گنڈاپورکاپیغام بڑا واضح تھا،زیادتیوں کا مداوا کیا جائے: علی محمد خان

ہم اسلحہ نہیں اٹھائیں گے، اسلحہ ایک دن ہی اٹھائیں گے وہ دن پاکستان کے دفاع کا دن ہی ہوگا
 اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے الفاظ کے چنائو پر اختلاف ہوسکتا ہے لیکن پیغام بڑا واضح تھا، پیغام تھاکہ ہمیں مزید دیوار سے مت لگائیں، ہمارا مینڈیٹ واپس دیا جائے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لاہور سے اتنے زیادہ لوگ نہیں نکلے جس کی وجہ فسطائیت اور پکڑ دھکڑ ہے، پنجاب میں دفعہ 144پی ٹی آئی کیلئے تھی حکومتی وزراء جلسے کررہے تھے۔کے پی میں ہر جگہ سے صوابی جلسے میں لوگوں نے شرکت کی۔یہ لمحہ فکریہ ہے کہ اگر پاکستان میں شخصی آزادی ہے تو پھر سب سے بڑے صوبے پنجاب میں اتنی فسطائیت کیوں ہے؟صوابی میں جلسہ ہوا اور پھر لوگ گھروں کو چلے گئے، اگر لاہور میں اجازت مل جاتی تو ایسے ہی جلسہ بھی ہوجاتا اور لوگ گھروں کو چلے جاتے تو کیا ہوجاتا؟۔انہوں نے کہا کہ زیادتیوں کامداوا کیا جائے ،عمران خان کی رہائی ہو اور بڑھتے فاصلوں کو کم کیا جائے، سب سے بڑی جماعت کو دیوار سے نہ لگایا جائے، ہم بھی پاکستان سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی کوئی اور کرتا ہے۔ علی امین گنڈاپور کی تقریر کا پیغام کہ ہمیں مزید دیوار سے مت لگائیں، سیاست کا حق دیں، ہمارا مینڈیٹ واپس دیا جائے۔ ہم اسلحہ نہیں اٹھائیں گے، اسلحہ ایک دن ہی اٹھائیں گے وہ دن پاکستان کے دفاع کا دن ہی ہوگا۔