اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تیزی سے بگڑتے تعلقات کو بہتر کیا جائیگا پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی

 بانی کی باتیں باہر لانے والوں نے اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں لڑائی کروادی ‘ موجودہ صورتحال  کے ذمہ دار سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان  ہیں
 معاملات کی بہتری کیلئے جارحانہ رویہ ختم اور حکومت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے:اجلاس میں ارکان کی تجاویز
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کا اپنی پالیسی میں تبدیلی لانے کا فیصلہ،پارٹی کی سنجیدہ قیادت نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تیزی سے بگڑتے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز پیش کی ہیں،اراکین نے موجودہ صورتحال کی ذمہ داری سیکرٹری جنرل اور بانی پی ٹی آئی کی بہن پر عائد کردی۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ موجودہ شدید تناؤ کی فضاکو کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات اور سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے پی ٹی آئی کے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین کے نام دئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایم این ایز کے نام شاہد خٹک اسپیکر قومی اسمبلی جبکہ سینیٹرز کے نام علی ظفر چیئرمین سینیٹ کو دینگے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض اراکین کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی باتیں باہر لانے والوں نے اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں لڑائی کروادی ہے جبکہ بعض اراکین نے موجودہ صورتحال کی تمام تر ذمہ داری پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان پر ڈال دی۔اراکین کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین کی باتیں جب تک سیاسی رہنما باہر لاتے تھے کوئی مسئلہ نہیں تھا مگرجب سے بانی چیئرمین سے سیاسی رہنماؤں کی ملاقات پر پابندی لگی ہے حالات خراب ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق اراکین کی رائے تھی  پی ٹی آئی اب بانی چیئرمین کی رہائی کے لیے جارحانہ رویہ خصوصافوج کے ساتھ ٹکراؤ کی پالیسی اختیار نہیں کرے گی اور معاملات کی بہتری کیلئے حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت شروع کرے گی۔