بانی سے ملاقات نہ ہوئی تو جمعرات کو پورا پاکستان ڈی چوک بنادیں گے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

بانی سے ملاقات نہ ہوئی تو جمعرات کو پورا پاکستان ڈی چوک بنادیں گے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے سخت الفاظ میں کہا ہے کہ اگر جمعرات کے دن بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو رات 10 بجے پورے پاکستان کو ڈی چوک بنا دیں گے۔

 انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر بانی چیئرمین کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم اور موجودہ حکومتی عہدیداران ہوں گے۔سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ جمعرات کو تمام پارلیمنٹرین اڈیالہ جیل جائیں گے اور کل سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی یقین دہانی کرا رہی ہے کہ ملاقات کے دوران سیاسی بات نہیں کریں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا بہترین علاج ہونا چاہئے، کیونکہ بشریٰ بی بی اور بانی کی صحت کو لے کر تشویش ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے، اور وہ صحت مند تھے جب انہیں زبردستی جیل میں داخل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کا ذمہ دار نظام ہے، جس میں حکومت، ججز اور جیل انتظامیہ سب شامل ہیں۔سہیل آفریدی نے نوجوانوں کے حوالے سے بھی خبردار کیا کہ ملک میں نفرت اور غصہ بڑھ رہا ہے، اور نوجوانوں کو اپنا مستقبل نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو پوری قوم باہر نکلے گی، اور پھر کسی کو سنبھالنے کا موقع نہیں بچے گا۔