پتنگ بازی کیخلاف ایکشن ، 9272 مقدمات

لاہور ریجن میں سب سے زیادہ 4367 مقدمات درج ہوئے
رواں سال 8202 ملزموں کو گرفتار کیے گئے، ترجمان پولیس
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 9 ہزار 272 مقدمات درج کر لیے، جبکہ مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 8 ہزار 202 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مالیت کی پتنگیں، ڈور اور پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر خام مال برآمد کیا گیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور ریجن میں پتنگ بازی کے خلاف سب سے زیادہ 4 ہزار 367 مقدمات درج کیے گئے جبکہ شیخوپورہ ریجن میں ایک ہزار 559 مقدمات کا اندراج ہوا۔گوجرانوالہ ریجن میں 869، گجرات میں 281، راولپنڈی میں 961 اور سرگودھا ریجن میں 316 مقدمات درج کیے گئے۔پولیس کے مطابق فیصل آباد ریجن میں 405، ملتان میں 156، ساہیوال میں 289، ڈیرہ غازی خان میں 29 جبکہ بہاولپور ریجن میں 40 مقدمات کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت درج کیے جا چکے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ سازی، پتنگ فروشی اور پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔