پی ایم اے پنجاب تحریک کیلئے تیار

چھاپے بند، نجی ہسپتالوں ، لیبارٹریز کو پی او ایس نظام سے مستثنٰی قرار دیا جائے،مرکزی تنظیم آئندہ کا لائحہ عمل طے کریگی ، رہنما 
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے ایف بی آر کی جانب سے نجی کلینکس، لیبارٹریز، ڈائیگناسٹک سینٹرز اور ہسپتالوں میں پی او ایس /الیکٹرانک انوائسنگ نظام کے نفاذ کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔اتوار کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے پنجاب کے صدر ڈاکٹر کامران سعید، سیکرٹری ڈاکٹر کامران احمد، ڈاکٹر ظفر، ڈاکٹر عمران اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے کلینکس میں پی او ایس نظام کی تنصیب ناقابل قبول ہے۔ اس کے نفاذ کے خلاف خدمات کی فراہمی معطل کر کے احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ POS نظام چلانے کے لیے ہر کلینک میں اضافی عملہ مقرر کرنا پڑے گا جس کے لیے الگ جگہ، انٹرنیٹ، بجلی اور دیگر سہولیات درکار ہوں گی۔ پی ایم اے پنجاب کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ نجی کلینکس، لیبارٹریز، ڈائیگناسٹک سینٹرز اور ہسپتالوں کو لازمی POS/e-invoicing نظام سے مستثنٰی قرار دیا جائیاور ایف بی آر کی جانب سے ہسپتالوں اور کلینکس پر چھاپوں کا سلسلہ بندکیاجا ئے۔ رہنمائوں نے اعلان کیا کہ تمام صوبائی اور وفاقی باڈیز کے اجلاسوں کے بعد مرکزی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اس احتجاج کو ملک بھر میں پھیلانے کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔