پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم کے لیے حکومتی فنڈز جاری

پاکستان ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم کے لیے حکومتی فنڈز جاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو سینئر قومی ہاکی ٹیم کے آئندہ دورہ انگلینڈ اور بیلجیم (پرو لیگ) کے لیے درکار تمام مالی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق حکومت کے اس فیصلے سے قومی ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر شرکت کے لیے درکار مالی رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں، جس پر فیڈریشن نے حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت اور سنگ میل قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کی فراہمی سے قومی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا، جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کا تجربہ بڑھے گا بلکہ پاکستان ہاکی کے معیار میں بہتری کی امید بھی پیدا ہوئی ہے۔

پی ایچ ایف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جاری کردہ فنڈز کو شفاف اور مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے گا تاکہ دورے کے تمام انتظامات بہتر انداز میں مکمل کیے جا سکیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو۔فیڈریشن کے مطابق قومی کھلاڑی ملک کا نام روشن کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جبکہ دورے کا تفصیلی شیڈول اور میچز کی فہرست جلد جاری کی جائے گی۔پی ایچ ایف نے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر اس کی ساکھ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔