پاک افغان اختلافات اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق حل کرنے پر اتفاق

پاکستانی اور افغان وفود نے اس بات پر اتفاق کیا دونوں ممالک کے درمیان موجود تمام اختلافات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا:چینی ترجمان
 اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان اور افغانستان نے باہمی اختلافات کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق حل کرنے پر اتفاق کر لیا  ۔چین کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ارمچی میں ہونے والے سہ ملکی مذاکرات کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے ۔ مذاکرات میں پاکستان، افغانستان اور چین کے وفود نے شرکت کی، جن میں خارجہ، دفاع اور سیکیورٹی اداروں کے اعلی نمائندے شامل تھے۔فریقین نے مذاکرات کے میزبان چین کی تعریف کی۔ چینی ترجمان کے مطابق پاکستانی اور افغان وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تمام اختلافات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک جامع منصوبے پر بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ فریقین نے مواصلات اور بات چیت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔مزید برآں، پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کے حل کے لیے ترجیحی نکات کی نشان دہی کر لی گئی ہے، جن پر آئندہ مذاکرات میں پیش رفت کی جائے گی۔