سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان واشنگٹن پہنچ گئے ہیں تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی عرب کے متوقع دورے کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
سعودی ذرائع کے مطابق، یہ دورہ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا، جس کا مقصد سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔شہزادہ فیصل کا یہ دورہ سعودی عرب کی جانب سے ٹرمپ کے دورۂ ریاض کی تیاری کے علاوہ غزہ، یمن اور شام کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کے لیے بھی اہم ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، شہزادہ فیصل نے اپنے امریکی ہم منصب مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ٹرمپ نے گزشتہ ماہ عندیہ دیا تھا کہ وہ اپریل میں سعودی عرب کا دورہ کر سکتے ہیں، جس طرح انہوں نے 2017 میں اپنے صدارت کے آغاز میں کیا تھا۔
اس دورے کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنوری میں امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث امریکی کمپنیوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔اس کے علاوہ، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس دورے کو سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کو اپنی خارجہ پالیسی کی کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔