سینیٹ : ضمنی انتخابات آج ،اپوزیشن کا بائیکاٹ

ن لیگ اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثنااللہ،اپوزیشن کی جانب سے سلمیٰ اعجاز امیدوار ہوں گی
لاہور( خصوصی رپورٹ )پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی نشست پر ضمنی انتخابات آج 9ستمبر منگل کو ہوں گے۔ اپوزیشن نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ حکومتی امیدوار کو واضح برتری حاصل ہے۔ ن لیگ اور حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے رانا ثناء اللہ اور اپوزیشن کی جانب سے اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز امیدوار ہوں گی۔ پنجاب اسمبلی میں ووٹوں کی تعداد 371 ہوتی ہے مگر پنجاب اسمبلی میں کل اراکین کی موجودہ تعداد 363 ہے اور 8 نشستیں خالی ہیں۔ 6 پی ٹی آئی کے اپوزیشن ارکان نااہل قرار پائے تھے جبکہ 1 رکن نے ابھی تک حلف نہیں لیا اور ایک نشست کا معاملہ عدالت میں ہے۔ مسلم لیگ ن کے229، پیپلز پارٹی کے 16، آئی پی پی 7، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے 73، پاکستان تحریک انصاف کے ووٹوں کی تعداد 24 ہے۔ تحریک لبیک،مسلم لیگ ضیا اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے۔ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہا اپوزیشن نے ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، اپوزیشن ووٹ کاسٹ نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہدایات جاری کر چکا ہوں کہ آج اپوزیشن کا کوئی رکن اگر اسمبلی گیا تو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا۔