سیلاب بے قابو ،بھارت سے ہتھیار،برتن ،جانوربہالایا

 نالہ ڈیک سے 5اینٹی ٹینک مائنز ملیں ،مال مویشی اور کچھ جنگلی جانور بھی آئے 
سیلاب میں مویشیوں کے بہنے کی ویڈیوز وائرل ،بوتلیں ،برتن ،فرنیچر بھی ملا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت سے پاکستان آنے والا سیلاب ناصرف تباہی لایا بلکہ بھارت سے مختلف اشیا بھی ساتھ بہالایاہے جو دریائوں اور نالوں کے ذریعے پاکستان پہنچیں، یہ اشیا قدرتی طور پر بہہ کر آئیں کیونکہ دریا بھارت سے پاکستان کی طرف بہتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے آنے والی سیلابی پانی میں ایسا سامان بھی آ رہا ہے جس کی مثال پہلے کم ہی ملتی ہے،اس سامان میں خطرناک ہتھیاروں سے لے کر روزمرہ کی گھریلو اشیا اور مویشی تک شامل ہیں۔نالہ ڈیک سے حالیہ سیلاب کے بعد پانچ اینٹی ٹینک مائنز برآمد ہوئیں،بم ڈسپوزل سکواڈ نے انہیں ناکارہ بنایا۔ نالہ ڈیک سے پہلے بھی مائنز کبھی کبھار ملتی ہیں لیکن اس دفعہ اینٹی ٹینک شکن مائنز تھیں جن کی مثال پہلے موجود نہیں ہے۔ سیلابی پانی میں انڈیا سے مختلف گھریلو اشیا بھی آئیں، یہ اشیا سیلاب زدہ علاقوں سے بہہ کر پاکستان پہنچیں، جیسے پلاسٹک کی بوتلیں، برتن، فرنیچر کے ٹکڑے، کپڑے اور دیگر روزمرہ کی چیزیں جن میں مال مویشی بھی شامل ہیں، کچھ جنگلی جانور بھی آئے ہیں۔ اس سیلابی پانی میں گھروں کی اشیا کی بڑی تعداد میں آئی ہیں، خاص طور پر پنجاب کے سرحدی علاقوں قصور اور بہاولنگر میں پانی میں انڈین برانڈ کی اشیا ملیں،جن میں پلاسٹک کی چیزیں، شیشے کے برتن اور کچھ الیکٹرانک سامان کے ٹکڑے شامل ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں چھ ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے، جن میں سے کچھ انڈیا سے بہہ کر آئے۔ سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں سیلاب کے پانی میں مویشیوں کو بہتے دیکھا جا سکتا ہے، ان مویشیوں میں گائے، بکریاں اور بھیڑیں وغیرہ شامل ہیں۔