فارمولا ون کی سنگاپور گراں پری میں ٹریک پر چھپکلی کی اچانک آمد نے ایک دلچسپ صورتحال پیدا کر دی، جس کے باعث حفاظتی خدشات کے پیش نظر پریکٹس سیشن روکنا پڑا۔
تیز رفتار گاڑیوں کے درمیان چھپکلی کی موجودگی نے ڈرائیورز اور ریس حکام کی توجہ حاصل کرلی۔یہ واقعہ 2024 میں سنگاپور گراں پری کی آخری پریکٹس کے دوران پیش آیا، جب ایک چھپکلی مرینا بے اسٹریٹ سرکٹ پر آگئی۔ ٹریک پر گاڑیوں کی تیز رفتار نقل و حرکت کے باعث حادثے کا خدشہ پیدا ہوا، جس پر ریس حکام نے ریڈ فلیگ دکھا کر سیشن روک دیا اور تمام گاڑیوں کو پٹ لین میں واپس بھیج دیا۔اس غیر متوقع صورتحال پر برطانوی ڈرائیور جارج رسل بھی حیران رہ گئے۔ انہوں نے اپنی مرسڈیز ٹیم سے دریافت کیا کہ ٹریک پر کیا موجود ہے۔ جب انہیں بتایا گیا کہ وہاں ایک چھپکلی ہے تو انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’کیا؟ یہ تو ڈریگن لگ رہا ہے!‘‘ ان کا یہ ردعمل اس دلچسپ واقعے کا نمایاں حصہ بن گیا۔
دوسری جانب ٹریک مارشلز نے چھپکلی کو بحفاظت پکڑ کر وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی، جبکہ آسٹریلوی ڈرائیور ڈینیئل ریکارڈو اس منظر سے محظوظ ہوتے دکھائی دیے۔ چھپکلی کو ٹریک سے ہٹانے کے بعد حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور پریکٹس سیشن دوبارہ شروع کر دیا گیا۔سنگاپور گراں پری کے ٹریک پر کسی جانور کی موجودگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں تھا۔ 2016 میں بھی فارمولا ون کے سابق عالمی چیمپئن میکس ورسٹاپن نے اسی سرکٹ پر ایک بڑی چھپکلی دیکھی تھی اور اس پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔ تاہم، اس وقت پریکٹس سیشن روکنے کی ضرورت پیش نہیں آئی تھی۔
فارمولا ون میں گاڑیوں کی غیر معمولی رفتار کے باعث ٹریک پر کسی بھی غیر متوقع رکاوٹ کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سنگاپور گراں پری کے دوران چھپکلی کی اچانک آمد پر حفاظتی اقدامات کیے گئے اور صورتحال معمول پر آنے کے بعد مقابلے کی سرگرمیاں بحال کر دی گئیں۔