مانسہرہ میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بٹگرام سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ لڑکی اور 27 سالہ گلنواز کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مقامی جرگے نے دونوں کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس پر مبینہ طور پر لڑکی اور لڑکے کے بھائیوں نے عمل کیا۔ پولیس نے دونوں مقتولین کے بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ڈی پی او مانسہرہ اظہر خان کے مطابق لڑکے اور لڑکی کو ایک ویرانے میں لے جا کر قتل کیا گیا، تاہم واقعے کی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی۔ پولیس کو اپنے ذرائع سے واقعے کی معلومات ملیں، جس کے بعد اہلکاروں نے دونوں کی لاشیں تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ڈی پی او کے مطابق دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر جرگے میں کیے گئے فیصلے سے متعلق انکشاف کیا۔ اطلاعات کے مطابق جرگے نے فیصلہ کیا تھا کہ لڑکے کو اس کا بھائی جبکہ لڑکی کو اس کا بھائی قتل کرے گا۔ پولیس اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس نے مقتولین کے بھائیوں کی گرفتاری کے بعد جرگے میں شریک افراد کے گھروں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ ڈی پی او اظہر خان کا کہنا ہے کہ جرگے میں شریک افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ڈی پی او مانسہرہ نے واضح کیا کہ جرگے میں شریک تمام افراد، اگر جرم میں ملوث ثابت ہوئے، تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان سب سے قیمتی ہے اور اس واقعے میں ملوث کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ جرگے میں شریک دیگر افراد کے کردار کا تعین شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔