بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم درد کی شکایات ، کورونا کے مختلف ویرینٹس کی گردش جاری
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں کورونا کے مختلف ویرینٹس، انفلوئنزا اور فلو وائرس کی گردش جاری ہے۔ سموگ کے باعث اکثر شہری فلو اور چیسٹ انفیکشن میں مبتلا ہونے لگے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر کے 6 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 3 ہزار سے زائد مریض فلو جیسی علامات کے ساتھ رپورٹ ہوئے۔ میو ہسپتال میں 900 سے زائد، جناح ہسپتال میں 700 اور سروسز ہسپتال میں 650 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ لاہور جنرل ہسپتال، گنگا رام اور چلڈرن ہسپتال میں بھی سینکڑوں مریض سامنے آئے۔ شہریوں میں بخار، کھانسی، نزلہ، گلے میں درد اور جسم درد کی شکایات عام ہیں۔ ہسپتالوں میں ریپڈ ٹیسٹنگ میں کورونا کے مثبت کیسز بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل کا کہنا ہے کہ کورونا کے موجودہ ویرینٹس پہلے کے مقابلے میں کم شدت والے ہو سکتے ہیں تاہم علامات کو نظر انداز نہ کیا جائے۔ طبی ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ بزرگ، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں کے شکار افراد فلو اور کورونا سے خصوصی احتیاط برتیں۔