ملاقات کا انتظار ہے، وزیراعظم نے ریلیف نہ دیا تو ہم ملتان سے ہی مارچ کا آغاز کریں گے
آج چارسدہ میں بڑا جلسہ ہے پورا پلان موجود ہے ہم فیلڈ میں موجود ہیں:امیر جماعت اسلامی
کراچی (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے رابطہ کیا ہے اور امید ہے آئندہ دو دنوں میں وزیراعظم سے ملاقات ہو جائے گی۔ ایک انٹرویو میں حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات ہونے کی خبروں سے متعلق سوال پر دوٹوک کہا کہ فی الحال وزیراعظم سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔حافظ نعیم نے کہا کہ معلوم نہیں کس ذرائع سے ملاقات کی خبریں چلائی گئیں حالانکہ ابھی تک ہماری کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے یقین دلایا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات جلد متوقع ہے اور امکان یہی ہے کہ آئندہ دو روز میں وزیراعظم سے ملیں گے۔انہوں نے کہا 9اکتوبر کو چارسدہ میں جماعت اسلامی کا بڑا جلسہ ہے پورا پلان موجود ہے ہم فیلڈ میں موجود ہیں ہمارے لوگ بھی آن بورڈ ہیں وزیراعظم سے ملاقات کا انتظار ہے، وزیراعظم نے ریلیف نہ دیا تو ہم ملتان سے ہی مارچ کا آغاز کریں گے۔