ویب ڈیسک:وزیراعظم شہباز شریف نے مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے 147ویں یومِ پیدائش پر ان کے فلسفے اور شاعری کو سراہا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری عمل اور خود شناسی کی لازوال دعوت ہے، جو نہ صرف برصغیر بلکہ دنیا پر بھی گہرا اثر ڈال چکی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال ایک صاحب بصیرت شاعر، فلسفی اور بلند پایہ شخصیت تھے، جن کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کر کے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا خواب دکھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے تصورِ پاکستان کی عکاسی کرتا ہے، جو ایک نظریاتی ملک کے طور پر وجود میں آیا۔وزیراعظم نے اقبال کے افکار کو پاکستانی معاشرت اور سیاست کی رہنمائی کے طور پر سراہا، اور قوم کو اقبال کے فلسفے پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ مزید مستحکم ہو سکے۔