ٹرین سے لاہورتا کراچی سفر جہاز سے مہنگا ہو جائیگا: ریلوے ڈویژن حکام

  ایم ایل ون ٹیسٹ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد ٹرین رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی،کراچی سے لاہورکاسفر10گھنٹوں میں طے کیاجاسکے گا،ایڈیشنل سیکرٹری
 کراچی سے حیدرآباد تک پٹڑی کے دونوں اطراف میں فینسنگ لگائی جائیگی، پاکستان میں فی کس آمدنی میں کمی کے باعث تیز رفتار ٹرین پراجیکٹ نہیں لایا جاسکتا،حکام
  اسلام آباد(آئی این پی ) ریلوے ڈویژن حکام نے کہا ہے کہ پاکستان کو تیز رفتارٹرین سروس چلانے سے لاہور سے کراچی کا سفر جہاز سے زیادہ مہنگا ہو جائے گا۔تفصیل کے مطابق ایم ایل ون فنانسنگ کیلئے اکنامک افیئرزڈویژن نے چائنیز حکام کو خط لکھا، ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ پاکستانی اکنامک اینڈکمرشل کونسلر نے گذشتہ ہفتے کے درخواست کی۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی میں ایم ایل ون کی تعمیر پر ریلوے ڈویژن حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون کا کراچی سے حیدرآباد ٹیسٹ پراجیکٹ کے بعد حیدرآباد سے ملتان پراجیکٹ شروع ہوگا، چین کیساتھ ٹیسٹ پراجیکٹ کی فنانسنگ کیلئے جوائنٹ فنانسنگ میٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی۔ ایڈیشنل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون ٹیسٹ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد ٹرین رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ریلوے ڈویژن حکام نے بتایا کہ ٹیسٹ پراجیکٹ میں کراچی سے حیدرآباد تک پٹڑی کے دونوں اطراف میں فینسنگ لگائی جائے گی، پاکستان میں فی کس آمدنی میں کمی کے باعث تیز رفتار ٹرین پراجیکٹ نہیں لایا جاسکتا۔حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تیز رفتار ٹرین سروس چلانے کیلئے 62 ارب ڈالر سے زائد کی ضرورت ہوگی، تیز رفتار ٹرین سروسز چلانے سے لاہور سے کراچی کا سفر جہاز سے زیادہ مہنگا ہو جائے گا۔حکام نے کہا کہ ایم ایل ون بننے کے بعد کراچی سے لاہورکاسفرتقریبا10گھنٹوں میں طے کیاجاسکے گا۔