ٹرمپ کے ساتھ رابطے بحال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں: روسی صدر

 نئے امریکی صدر کی روس کیساتھ تعلقات بحال کرنے کی خواہش توجہ کی مستحق ہے، ولادیمیر پیوٹن 
ماسکو(آئی این پی)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے نئے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر کے ساتھ رابطے بحال کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر پیوٹن نے ولدائی فورم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ سے رابطہ کرنا کوئی غلط بات نہیں ہوگی ، میں ان کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کیا اور ایک بہادر آدمی کی طرح کام کیا ، نئے صدر کی روس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے اور یوکرین بحران کے خاتمے میں سہولت فراہم کرنے کی خواہش توجہ کی مستحق ہے۔روسی صدر نے کہا کہ وہ خود ٹرمپ سے رابطہ کرنے میں عار محسوس نہیں کرتے، ان کے ساتھ رابطے دوبارہ شروع کرنے میں قطعاً کوئی اعتراض نہیں ہے۔