کوئٹہ میں پی ٹی آئی والوں سے بندے اکٹھے نہیں ہوئے تو اجازت نہ ملنے کا بہانہ بنا دیا
ملکی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے، مزید بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہیں
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے تحریک انتشار صرف این آر او کے لیے ملکی امن کو دا ئوپر لگا رہی ہے، یہ اپنی روش قائم رکھے ہوئے ہے، کوئٹہ میں ان سے بندے اکٹھے نہیں ہوئے تو بہانا بنایا جارہا ہے کہ انتظامیہ سے اجازت نہیں ملی، اجازت تو پہلے بھی نہیں ملتی رہی لیکن آپ جلسے کرتے رہے ہیں۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلی قومی معاملات اور امن و امان پرغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، صوبے میں کوئی ایسا پروگرام نہیں ہے جو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرسکے، ساری توجہ سیاسی محاذ آرائی، جلسے جلوسوں اور دھرنوں پر ہے اور جب اساتذہ کوئی جلوس نکالتے ہیں اور اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں تو نہ صرف انہیں روک کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ کہا جاتا ہے کہ انہیں احتجاج کاحق نہیں ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر کرپشن کے کیسز ہیں۔ خیبر پختونخوا کے اساتذہ کی آواز سنی جانی چاہیے