کنول شوذب سمیت درجنوں خواتین کو سزائیں ہوچکیں ،بشریٰ قید ہیں
لاہور(خصوصی رپورٹ)پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہماری خواتین نے تحریک کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، خواتین کو چن چن کر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، بہادر خواتین جبر کا سامنا کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب اور پی ٹی آئی خواتین ونگ کی جانب سے عمران خان کی صحت و تندرستی اور جلد رہائی کیلئے منعقدہ قرآن خوانی کی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کنول شوذب، عالیہ حمزہ، زرتاج گل سمیت درجنوں خواتین کو سزائیں ہوچکی ہیں ،بشریٰ بی بی ایک سال سے زائد عرصہ سے جیل میں ہیں، وہ صرف اس لیے جیل میں ہیں کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ آج پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی شہادت کا دن ہے، اس کا قاتل دندناتا پھر رہا اور پیارے خوار ہو رہے ہیں ،ملک میں ظلم ، جھوٹیمقدمے اور جھوٹی سزائیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جبر کا نظام 78 سال سے رائج ہے، جسے ہمیں ختم کرنا ہے، 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کو جو ووٹ دیا گیا اس کی حرمت کو پامال کیا گیا، ہم پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔