آزاد کشمیر میں امن کیلئے طاقت کی پالیسی جاری رہے گی: وفاقی حکومت

مسائل کا حل سیاسی بصیرت اور جمہوری مکالمے سے نکالا جائے:بلاول بھٹو کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ایک انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور پیپلز پارٹی کا موقف سامنے لایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آزاد کشمیر کے معاملات اور وہاں درپیش حالیہ چیلنجز پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ لہر، عوامی ردعمل اور وہاں کے اصل زمینی حقائق سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے مسائل کے حل کے لیے سیاسی و جمہوری راستے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام سیاسی و انتظامی مسائل کا حل سیاسی بصیرت اور پارلیمانی راستے سے ہی ممکن ہے۔عوام کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے جمہوری مکالمے کا آغاز کیا جانا چاہیے۔دوسری جانب  ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن و امان کا قیام سب سے مقدم ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ امن، استحکام اور قانون کی بالادستی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔آزاد کشمیر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور شرپسند عناصر سے نمٹنے کے لیے وفاق کی جانب سے طاقت کی پالیسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔