پنشن 30 جون 2025 کی سطح پر تین سال تک منجمد

7 فیصد اضافہ پنشن میں ضم نہیں ہوگا، ایڈہاک ریلیف کے طور پر ملیگا
پنشن میں اضافہ کا فیصلہ ہر تین سال بعد پنشن کمیشن کی سفارشات پر کیا جا ئیگا 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) وفاقی حکومت نے پانچ لاکھ سے زیادہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کو 30 جون 2025 کی سطح پر تین سال یا حکومتی منظوری تک منجمد کر دیا ، وفاقی بجٹ 2026-2025 میں پنشن میں 7 فیصد اضافہ 30 جون 2025 کی پنشن سے الگ دیا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پنشن میں 7 فیصد اضافہ کو پنشن میں ضم نہیں کیا جائے گا، حکومت کی جانب سے بجٹ 2026-2025 میں پنشن میں 7 فیصد اضافہ ایڈہاک ریلیف کے طور پر پنشن کے ساتھ دیا جائے گا، پنشن میں اضافہ کا فیصلہ ہر تین سال بعد پنشن کمیشن کی سفارشات پر کیا جائے گا یا حکومت کی جانب سے پنشن بیس لائن میں تبدیلی کی منظوری کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے پنشن اصلاحات کے تحت پنشنرز کی 30 جون 2025 کی پنشن کو بیس لائن قرار دیا ہے اور تین سال کے لئے موجود سطح پر منجمد کر دیا ہے۔