8فروری کو پاکستان بند کرینگے ،پھر مذاکرات ہونگے :اچکزئی

ہم ظلم کیخلاف نکلے ہیں ،سب نے مل کر ہمت کی تو بانی پی ٹی آئی جیل سے نکلے گا
 ملک کو فاشسٹ ٹولہ سے بچا ئیں گے :علامہ راجہ ناصر،لاہور میں میڈیا سے گفتگو
لاہور (کرائم  رپورٹر)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم کسی کو برا بھلا کہنے نہیں آئے،لاہور ہمارا شہر ہے،ہمارا دل ہے،ہم جس جی ٹی روڈ سے آئے ہیں اسی روڈ سے میاں نواز شریف بھی ریلی کی صورت میں آئے تھے اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا،میاں نواز شریف کے خانوادہ کو کہتا ہوں کہ آجائو ہمارے ساتھ مل کر دوبارہ اس نعرے کو تقویت دو۔جب ہم 8 فروری کو پاکستان بند کریں گے پھر مذاکرات ہونگے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قافلہ لاہور پہنچنے کے بعد زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کہا کہ اگر ہم سب نے مل کر ہمت کی تو بانی پی ٹی آئی جیل سے نکلے گا،ملک آگے بڑھے گا،ہم پولیس سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ آپ وہ قوانین مانیں جو قانون کے مطابق ہیں،ہم ظلم مٹانے نکلیں ہیں،آئو ہمارے ساتھ چلو،ہم ہر اس ادارے و پارٹی کے مخالف ہیں جو پاکستان کے آئین کی مخالفت کرتے ہیں،آج سرمایہ دار بھاگ رہا ہے، غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا مذاکرات تب ہونگے جب یہاں آئین کی بالادستی ہوگی،ہم پاکستان کے طول و عرض میں ظلم کے خلاف نکلے ہیں،صاف شفاف الیکشن ہوں جو قانون کے مطابق جیتے وہی حکمرانی کرے۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدل قانون کی بالادستی کیبغیر ممکن نہیں،حکومت نے تمام اداروں کو تباہ کردیا،گزشتہ روز کے سفر میں دیکھا کہ کس طرح پنجاب کی سڑکوں پرلاقانونیت قابض ہے، خوف اور ڈرا کر چند دن کا اقتدار لینا چاہتے ہیں، قوم کو پیغام ہے کہ ان سے ڈرنا نہیں ہے،ناامید نہیں ہونا،ہم ملک بچانے نکلے ہیں، ہم اس ملک کو فاشسٹ ٹولہ سے بچا کر رہیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر معین قریشی ، ارکان پنجاب اسمبلی فرخ جاوید مون ،تنویر اسلم ، راشد لطیف ، صد رپی ٹی آئی لاہور اکرم عثمان اور دیگر بھی اس موقع پرموجود تھے۔