آئندہ رمضان پیکج میں امدادی رقوم کی ادائیگی ڈیجیٹل والٹس سے کی جائے :وزیراعظم کی ہدایت

آئندہ رمضان پیکج میں امدادی رقوم کی ادائیگی ڈیجیٹل والٹس سے کی جائے :وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ رمضان المبارک کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غریب عوام کے لیے زیادہ موثر اور سودمند رمضان پیکیج اور سفارشات مرتب کریں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی حکومت کے مجوزہ رمضان پیکج اور پچھلے سال کے پیکیج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں پچھلے سال کے پیکیج کی شفافیت کی تعریف کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی سٹورز کے پرانے غیر شفاف نظام کو شفاف نظام میں تبدیل کیا، جس کے ذریعے غریب عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خورد و نوش فراہم کی جاتی ہیں۔شہباز شریف نے ہدایت کی کہ رمضان پیکج کی امدادی رقوم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کی جائیں تاکہ عوام کی عزت و تکریم برقرار رہے اور کیش لیس معیشت کو فروغ ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی شمولیت سے کیش لیس اکانومی کو مزید فروغ ملے گا اور مستحق افراد کی شمولیت وسیع کی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سوشل پروٹیکشن والٹ سسٹم رائج کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحق افراد میں مفت سمز تقسیم کی جا رہی ہیں اور مارچ 2026 سے تمام امدادی رقوم اسی طریقے سے ڈیجیٹلی فراہم کی جائیں گی۔ پچھلے رمضان پیکج کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن میں کسی مالی بدعنوانی یا انتظامی بدنظمی کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین نادرا اور چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔