نئی حج پالیسی منظور، آئندہ برس سرکاری حج پیکج کتنا ہوگا؟

نئی حج پالیسی منظور، آئندہ برس سرکاری حج پیکج کتنا ہوگا؟

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں حج پالیسی 2025 کی منظوری دی گئی۔

 اس پالیسی کے مطابق اگلے سال سرکاری حج پیکج کی لاگت 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار روپے تک ہوگی۔ پالیسی کے تحت 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، اور حج کوٹہ سرکاری اور نجی حج اسکیم میں 50/50 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ مزید برآں، حج پالیسی میں اسپانسر شپ اسکیم بھی شامل کی گئی ہے۔نئی پالیسی کے تحت حج کے دوران انتقال اور زخمی ہونے والے عازمین کے لیے معاوضہ بھی بڑھا دیا گیا ہے؛ انتقال کرنے والوں کے لواحقین کو 10 سے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔ اس سال 12 سال سے کم عمر بچوں کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی، اور سرکاری کوٹے کے تحت حج کے لیے کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کی جائے گی۔ حج کا طویل دورانیہ 38 سے 42 دن اور مختصر دورانیہ 20 سے 25 دن کا ہوگا، جبکہ عازمین حج کے لیے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ملکی معاشی استحکام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم کر کے 15 فیصد کر دیا ہے، جس سے کاروبار اور صنعت کے لیے مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور قرضوں کے بوجھ میں کمی آئے گی۔ شہباز شریف نے سعودی عرب اور آذربائیجان کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔