"اسلام آباد سے نتھیاگلی: لگژری ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز، جانیں کیسے کریں سفر"

اسلام آباد: سیاحوں کے لیے نتھیاگلی تک لگژری ہیلی کاپٹر سروس متعارف کر دی گئی ہے، جو دارالحکومت سے خوبصورت پہاڑی مقام تک تیز، آرام دہ اور یادگار سفر فراہم کرتی ہے۔

یہ خصوصی فضائی سہولت 3 ماہ قبل متعارف کرائی گئی تھی اور اب تک متعدد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اس سروس کا آغاز بیرن ایوی ایشن کمپنی نے نتھیاگلی کے ہوٹل ڈبل ٹری بائے ہلٹن کے اشتراک سے کیا ہے۔ہیلی کاپٹر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرتا ہے اور نتھیاگلی میں ہوٹل کے خصوصی ہیلی پیڈ پر لینڈ کرتا ہے۔ ہر پرواز میں زیادہ سے زیادہ 5 مسافروں کی گنجائش ہے، جو خاندانوں، چھوٹے گروپس اور انفرادی سیاحوں کے لیے موزوں ہے۔کرایہ 5 ہزار 300 امریکی ڈالر (تقریباً ساڑھے 14 لاکھ روپے) مقرر کیا گیا ہے، اس لیے یہ سہولت خاص طور پر اُن افراد کے لیے ہے جو آرام، سہولت اور منفرد تجربے کو ترجیح دیتے ہیں۔

متعلقہ حکام کے مطابق، اس اقدام سے نہ صرف مقامی اشرافیہ بلکہ غیر ملکی سیاحوں کی بھی توجہ حاصل ہوگی، اور شمالی پاکستان میں ہائی اینڈ اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ میں مدد ملے گی۔یہ راؤنڈ ٹرپ تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل ہے اور مسافروں کو اسلام آباد اور ہمالیہ کے دامن میں واقع دلکش مناظر کو فضاء سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اس سہولت سے روایتی زمینی سفر کے مقابلے میں تیز، آرام دہ اور یادگار تجربہ ممکن ہوا ہے۔