تباہی ٹل گئی،را کے 12 دہشت گرد گرفتار

بھاری مقدار میں اسلحہ ، ڈیٹونیٹرز، آئی ڈیزبم ،حساس مقامات کی تصاویر برآمد ، لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور کو بڑی تباہی سے بچالیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )نے لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور کو بڑی تباہی سے بچالیا،بھارتی ایجنسی‘‘را ’’کے 12 دہشتگرد گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد ،نقدی ،موبائل فون ،حساس مقامات کی تصاویراور ویڈیو لوکیشنز برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بتایاگیاہے کہ سی سی ڈی پنجاب نے بھارتی ایجنسی‘‘را ’’کے 12 دہشت گرد وں کو بھاری مقدار میں اسلحہ ،بارودی مواد ،ڈیٹونیٹرز، آئی ڈیزبم اور نقدی سمیت گرفتار کیا، فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں ویڈیو اور لوکیشن بھی برآمد ہوئی۔ فیصل آباد سے گرفتار دہشتگرد پنجاب میں خوف و ہراس پھیلانے کے ساتھ مذہبی منافرت بھی پھیلانا چاہتے تھے۔ لاہور سے گرفتار ‘‘را’’کے دہشتگردوں میں سکھ دیپ سنگھ، عظمت ،فیضان، نبیل،ابرار ،عثمان اورسرفرازشامل ہیں جبکہ فیصل آباد سے دانش کو گرفتار کیا گیا۔بہاولپور سے گرفتار فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں میں رجب،ہاشم ،ثاقب اور عارف شامل ہیں۔ سی سی ڈی نے عادل نامی شخص کے فیس بک آئی ڈی جو کہ بھارت میں‘‘را’’آپریٹ کر رہی تھی کی مدد سے دہشتگردوں کو گرفتار کیا۔ فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد سکدیپ سنگھ پیدائشی کرسچن تھا جس نے کچھ عرصہ قبل اپنا مذہب تبدیل کیا۔ گرفتار فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو‘‘را’’سے بھاری فنڈنگ کی جاتی تھی، گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی بم، 7 ڈیٹونیٹر، 2 حفاظتی فیوز وائر 102 فٹ ، موبائل ،نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیاہے،بروقت کارروائی کے باعث لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور ممکنہ تباہی سے محفوظ رہے۔