یوکرین جنگ، امریکی نمائندے کا امن معاہدے کے قریب پہنچنے کا دعوی

ماسکو(یواین پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سبکدوش ہونے والے یوکرین کے لیے نمائندہ خصوصی نے دعوی کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ کے انتہائی قریب ہیں اور اس کا انحصار صرف دو بڑے معاملات پر ہے جبکہ روس نے واضح کیا کہ امریکا کی چند تجاویز میں بنیادی اور انتہائی اہم نوعیت کی تبدیلیاں ضروری ہیں۔اگلے ماہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے امریکی نمائندہ خصوصی برائے یوکرین کیتھ کیلوگ نے ریگن نیشنل ڈیفنس فورم میں کہا کہ تنازع کے حل کی کوششیں آخری 10 میٹرز تک پہنچ چکی ہیں، جو ہمیشہ سب سے مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔کیتھ کیلوگ نے بتایا کہ اس وقت دو بڑے حل طلب مسائل باقی ہیں، جن میں سے ایک علاقائی معاملہ ہے جو خاص طور پر ڈونباس کے مستقبل سے متعلق ہے اور دوسرا یوکرین کے زاپوریزژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کا مستقبل ہے جو یورپ کا سب سے بڑا ایٹمی بجلی گھر ہے لیکن اس وقت روس کے زیر کنٹرول ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اگر ہم ان دونوں مسائل کو حل کر لیتے ہیں تو دیگر معاملات بڑی حد تک ٹھیک ہو جائیں گے اور ہم تقریبا وہاں تک پہنچ گئے ہیں