انصاف کی جلد فراہمی کے لیے چیف جسٹس کا دُور دراز اضلاع کا ذاتی دورہ

انصاف کی جلد فراہمی کے لیے چیف جسٹس کا دُور دراز اضلاع کا ذاتی دورہ

چیف جسٹس آف پاکستان نے انصاف کی جلد فراہمی اور عدلیہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے دُور دراز اضلاع میں ذاتی دوروں کا فیصلہ کیا ہے۔

 سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس عدلیہ کی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے ذاتی طور پر دُور دراز علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اس ضمن میں آج انہوں نے گوادر کا دورہ کیا، جہاں تربت، پنجگور، اور چاغی کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے ملاقات کی اور انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی افسران کے وقار کو مقدم رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی عدلیہ کا وقار کسی صورت مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے دُور دراز کی ضلعی عدلیہ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی، اور وہاں کام کرنے والے عدالتی افسران کی خدمات کو سراہا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ گوادر میں ایک اجلاس کے دوران عدالتی اصلاحات پر غور کیا گیا، جس میں بلوچستان کے لیے ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔ یہ کمیٹی مختلف جیلوں کا دورہ کرے گی اور اصلاحات کے لیے ایک جامع پیکیج تیار کرے گی۔ اجلاس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم خان کاکڑ اور مانیٹرنگ جج برائے جیل خانہ جات جسٹس عبداللہ بلوچ بھی شریک ہوئے۔