پاکستان کی پہلی پرواز 40 ٹن امدادی کھیپ لیکر کوالالمپور پہنچ گئی

 سامان میں خیمے، کمبل، لحاف، سلیپنگ بیگ، چٹائیاں لائف جیکٹس شامل ہیں 
 سیلاب متاثرین کیلئے سامان سفارت خانے ملائیشین این ڈی ایم اے نے وصول کیا 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کے لئے پاکستان کی 40 ٹن انسانی امداد کی پہلی کھیپ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ پرواز کے ذریعے کوالالمپور پہنچ گئی۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر بھیجی گئی امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، لحاف، سلیپنگ بیگ، چٹائیاں اور لائف جیکٹس شامل ہیں۔ امدادی سامان پاکستانی سفارت خانے اور ملائیشین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے نمائندوں نے وصول کیا۔ حکومت پاکستان ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔