لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی موٹروے پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے محمود بوٹی ٹول پلازہ لاہور پر سب انسپکٹر کو معطل کر دیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ٹول پلازہ پر کچھ افراد کھانے پینے کی اشیا بیچ رہے تھے، جنہوں نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا، جس پر سب انسپکٹر نے تھپڑ مار کر تشدد کیا۔ واقعہ کا علم ہوتے ہی سب انسپکٹر کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ افسران محکمانہ ضوابط کی خلاف ورزی نہ کریں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس میں اس طرح کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، مکمل چھان بین کی جائے گی اور ملوث افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔